کولمبو(شِنہوا)چین اور سری لنکا نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ ورکشاپ میں چین-سری لنکا مشترکہ مرکز برائے تعلیم و تحقیق کے قیام کی 10 ویں سالگرہ منائی۔
مرکز کی میزبانی میں موسمیاتی تبدیلی اور بحری پائیدار ترقی پر 10 ویں چین-سری لنکا مشترکہ ورکشاپ جمعرات سے جمعہ تک منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں چین، سری لنکا، آسٹریلیا اور مالدیپ سمیت مختلف ممالک کے 200 سے زائد ماہرین اور محققین نے شرکت کی۔
ورکشاپ میں 2015 میں مرکز کے قیام کے بعد اس کی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ گزشتہ دہائی کے دوران اس مرکز نے چین اور سری لنکا کو بحر ہند کی مشاہداتی تحقیق، سمندری قدرتی آفات کی پیش گوئی، پینے کے محفوظ پانی کی فراہمی اور پیشہ ور افراد کی تربیت جیسے شعبوں میں قریبی تعاون کا موقع فراہم کیا ہے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکا میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور ژو یان وے نے کہا کہ سائنسی اور بحری تعاون چین-سری لنکا دوستانہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین سری لنکا کے ساتھ مزید قریبی تعاون کا خواہاں ہے، دوطرفہ سائنسی و تکنیکی اشتراک کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے زیادہ فوائد لانے کا عزم رکھتا ہے۔
ورکشاپ کے شرکاء نے متعدد موضوعات پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا جن میں موسمیاتی تبدیلی کے بحر ہند پر اثرات، ماحولیاتی نظام و ماحول کی نگرانی اور ساحلی علاقوں میں آفات کی روک تھام شامل تھے۔



