گوانگ ژو(شِنہوا)عالمی کاروباری ادارے اور سرمایہ کار چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں بھاری سرمایہ کاری کے ذریعے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے بدھ کے روز کہا ہے کہ جنوری سے ستمبر تک صوبے میں غیر ملکی مالی اعانت سے چلنے والی 24 ہزار نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔ یہ گزشتہ سال کی نسبت 33.7 فیصد کا اضافہ ہے جو بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لئے اس کے ایک اہم مقام ہونے کو اجاگر کرتا ہے۔اہم اعداد و شمار میں ایک قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں حقیقی استعمال شدہ غیر ملکی سرمایہ 78.13 ارب یوآن (تقریباً 11 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا ہے۔ یہ گزشتہ سال کی نسبت 8.8 فیصد زائد ہے۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے سے سرمایہ کاری میں 18.4 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ نیدرلینڈز، فرانس اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔پیداواری شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 23.5 فیصد اضافے کے ساتھ نمایاں رہا۔ خاص آلات اور برقی مشینری جیسی صنعتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا جو گوانگ ڈونگ کی صنعتی صلاحیتوں اور طویل مدتی مواقع پر پختہ اعتماد کا اشارہ ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گوانگ ڈونگ نے مجموعی طور پر غیر ملکی مالی اعانت سے چلنے والی 3 لاکھ 60 ہزارسے زائد کمپنیاں قائم کی ہیں اور 600 ارب امریکی ڈالر سے زائدغیر ملکی سرمایہ کو استعمال کیا ہے۔
