گوانگ ژو(شِنہوا)چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں اس موسم خزاں اور سردیوں کی نقل مکانی کے عروج کے دوران 3 لاکھ سے زائد مہاجر پرندوں کی آمد متوقع ہے۔
صوبائی محکمہ جنگلات انتظامیہ نے بتایا کہ یہ پرندے ساحلی کیچڑ کے میدانوں، اندرون ملک وٹ لینڈز اور خطے کے ساحلی قدرتی ذخائر میں پہنچیں گے جو پرندوں کی عالمی نقل مکانی کے راستوں میں گوانگ ڈونگ کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
ہجرت کا موسم اگست میں اس وقت شروع ہوا جب چین کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت گرنے لگا اور گوانگ ڈونگ مشرقی ایشیائی۔آسٹریلوی فضائی گزرگاہ پر ایک اہم قیام گاہ کے طور پر کام کر رہا ہے۔
گوانگ ڈونگ اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف زوالوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژانگ چھیانگ کے مطابق گوانگ ڈونگ سے پرندوں کے گزرنے کے عروج کا دور ستمبر سے نومبر تک ہوتا ہے۔
گوانگ ڈونگ 4 ہزار 114 کلومیٹر کی وسیع ساحلی پٹی کا حامل ہے جو اسے چین میں سب سے طویل بناتی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں سرخ مینگرو کے وسیع جنگلات بھی ہیں۔ یہ منفرد علاقے وافر غذائی وسائل فراہم کرتے ہیں جو مختلف اقسام کی حیاتیات کی بقا میں مدد دیتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اس صوبے میں اب تک جنگلی پرندوں کی 584 اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں، جن میں سے 412 اقسام ہجرت کرنے والے پرندوں کی ہیں۔
