بیروت(شِنہوا)اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے جنوب میں فضائی حملے کئے ہیں۔
لبنان کی قومی نیوز ایجنسی(این این اے) کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ڈرونز نے جنوبی لبنان کے علاقے الزہرانی کے دیہات، بیروت اور اس کے جنوبی نواحی علاقوں پر بڑے پیمانے پر نچلی پروازیں کیں۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ انہوں نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے "دہشت گردی سے متعلقہ ڈھانچے” کو نشانہ بنایا ہے اور گروپ پر ملک کے جنوبی حصے میں دوبارہ منظم ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ڈھانچے کی موجودگی اور حزب اللہ کی دہشت گرد سرگرمیاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے شدہ مفاہمت کی خلاف ورزی ہیں۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی 27 نومبر 2024 سے نافذ العمل ہے جس سے ان سرحد پار جھڑپوں کا خاتمہ ہوا جو غزہ جنگ کے آغاز کے بعد شروع ہوئی تھیں۔
تاہم جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج وقتاً فوقتاً لبنان کے اندر حملے کرتی رہی ہے جن کا جواز حزب اللہ کے "خطرات” کو نشانہ بنانا بتایا جاتا ہے جبکہ اسرائیلی افواج نے لبنانی سرحد کے ساتھ 5 مقامات پر اپنی موجودگی برقرار رکھی ہے حالانکہ مکمل انخلا کی آخری تاریخ 18 فروری کو ختم ہو چکی ہے۔
