شنگھائی(شِنہوا)چین نے مشرقی شہر شنگھائی میں ہوا سے چلنے والے دنیا کے پہلے زیر آب ڈیٹا سنٹر منصوبے (یو ڈی سی) کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ جس سے کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کی ماحولیاتی طور پر پائیدار ترقی کے لئے ایک نیا معیار قائم ہوا ہے۔
لین گانگ سپیشل ایریا کی انتظامی کمیٹی کے مطابق یو ڈی سی منصوبہ چین (شنگھائی) پائلٹ فری ٹریڈ زون کے لین گانگ خصوصی علاقے میں واقع ہے۔ اس منصوبے پر 1.6 ارب یوآن (تقریباً 22 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اس کی مجموعی توانائی کی صلاحیت 24 میگاواٹ ہے۔
روایتی زمینی ڈیٹا سنٹرز کے مقابلے میں اس منصوبے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ 95 فیصد سے زائد ماحول دوست بجلی استعمال کرے، بجلی کے استعمال میں 22.8 فیصد کمی لائے اور پانی و زمین کے استعمال میں بالترتیب 100 فیصد اور 90 فیصد سے زائد کمی کرے۔
انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل زیر آب ڈیٹا سنٹرز اور ساحلی قابل تجدید توانائی کی یکجا ترقی میں اہم پیش رفت ہے۔ یہ نہ صرف کمپیوٹنگ کی بنیادی سہولیات کی ماحول دوست اور کم کاربن ترقی کے لئے ایک نمونہ فراہم کرتا ہے بلکہ ساحلی ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی کے مقامی استعمال کے لئے بھی ایک مثال قائم کرتا ہے۔
