ٹوکیو: جاپان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے آئرن لیڈی کے طور جانی جانے والی سانائے تاکائیچی کو ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم مقرر کر دیا، وہ جاپانی بادشاہ سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئرن لیڈی سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی مداح سنائے تاکائیچی ایوان زیریں میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں غیر متوقع طور پر بہت کم اکثریت حاصل کر سکی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں اپنے انتخاب کے بعد چہرے پر سنجیدگی سجائے 64 سالہ سانائے ایوان میں کئی مرتبہ اراکین پارلیمنٹ کے سامنے کھڑی ہوئیں اور جھک کر انہیں تعظیم پیش کی۔
ایوان زیریں سے کامیابی کے بعد ایوان بالا نے بھی ان کے حق میں ووٹ دیا۔64 سالہ سانائے تاکائیچی ایوان زیرین میں 237 اور ایوان بالا میں 125ووٹ حاصل کرکے جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم بن گئی ہیں۔