لاہور: سوشل میڈیا انفلوئنسر عدنان ظفر المعروف کین ڈول نے کہا ہے کہ میں تنقید کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا کیونکہ تنقید تو ہر جگہ ہوتی ہے اور یہ زیادہ تر اسی وقت ہوتی ہے جب کوئی کسی سے بہتر کام کر رہا ہوتا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں عدنان سے کین ڈول عوام کے مطالبے پر بنا، دبئی میں قیام کے دوران لوگ مجھ سے اکثر کہتے تھے کہ میرا قد متناسب ہے، چہرے کی ساخت بالکل درست ہے اور وہ بالکل باربی فلم کے کین جیسے دکھائی دیتے ہیں، لوگوں کی یہ باتیں سن کر میں بہت متاثر ہوا اور میں نے پھر کین بننے کا ارادہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ بزنس کے طالبعلم رہ چکے تھے اور سوشل میڈیا کا بھی استعمال کرتے تھے، اس لیے انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ اس پہچان کو اپنے بزنس کے طور پر استعمال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنا یوزرنیم کین رکھا اور جیسے ہی ایسا کیا، انہیں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی، ان کے فالوورز میں تیزی سے اضافہ ہوا، مختلف برانڈز نے ان سے رابطہ کیا اور کئی ممالک سے انہیں اشتراک کی پیشکشیں بھی موصول ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے، اس شخصیت کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں اپنی صحت اور طرزِ زندگی کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے کہ وہ کیا کھاتے ہیں اور کیا کرتے ہیں۔