بیجنگ(شِنہوا)چین کے سرکاری ریلوے آپریٹر کے مطابق رواں سال کی پہلی 3 سہ ماہیوں میں ملک کے ریلوے نیٹ ورک پر مسافروں کی آمد و رفت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 3.54 ارب مسافروں نے سفر کیا جو گزشتہ سال کی نسبت 6 فیصد اضافہ ہے۔
چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ یہ تعداد تاریخ میں اسی مدت کے لئے ایک ریکارڈ بلند سطح کو ظاہر کرتی ہے جبکہ ریلوے نقل و حمل محفوظ، مستحکم اور باقاعدہ رہا۔
ریلوے آپریٹر نے نئی چلنے والی ریلوے لائنوں اور سٹیشنوں کا بھرپور استعمال کرکے نقل و حمل کی صلاحیت میں اضافہ کیا اور پہلی 3 سہ ماہیوں میں ٹرین آپریشن کے منصوبوں میں لچکدار تبدیلیاں کیں۔ کمپنی نے کہا کہ اس دوران یومیہ اوسطاً 11 ہزار 87 مسافر ٹرینیں چل رہی تھیں جو گزشتہ سال کی نسبت 7.1 فیصد زائد ہے۔
سرحد پار مسافروں کی نقل و حمل میں بھی تیزی دیکھی گئی جہاں گوانگ ژو-شین زین-ہانگ کانگ ایکسپریس ریل لنک اور چین-لاؤس ریلوے نے بالترتیب 2 کروڑ 33 لاکھ 10ہزار اور ایک لاکھ 97 ہزار سرحد پار مسافر دوروں کو 9 ماہ کے عرصے میں سنبھالا۔ اس سے افراد کے تبادلے کے ساتھ ساتھ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا ہے۔
