شنگھائی(شِنہوا)چین نے 60 خودکار کنٹینر ٹرمینلز قائم کرکے سمارٹ بندرگاہوں کی تعمیر میں دنیا کی قیادت جاری رکھی ہے۔
نارتھ بوند فورم 2025 کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ خودکار کنٹینر ٹرمینلز کی بڑے پیمانے پر تعمیر کے ساتھ ساتھ سمارٹ آبی گزرگاہوں کی تعمیر بھی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ چین کا قومی الیکٹرانک واٹر وے چارٹ اب 10 ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر محیط ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے آبی ٹرانسپورٹ بیورو کے اہلکار گاؤ ہائی یون نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2025 کے پہلے 8 ماہ کے دوران چین کی آبی راستوں سے مال برداری کا حجم 6.56 ارب ٹن تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کی نسبت 3.8 فیصد زائد ہے۔ اس عرصے میں بندرگاہوں کی مال بردای 12 ارب ٹن رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 4.4 فیصد زائد ہے جبکہ کنٹینر مال برداری تقریباً 23 کروڑ 20 فٹ مساوی یونٹس (ٹی ای یوز) رہی جو 6.3 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
نارتھ بوند فورم 2025 کا پانچواں ایڈیشن وزارت ٹرانسپورٹ اور شنگھائی میونسپل عوامی حکومت کے اشتراک سے 19 سے 21 اکتوبر کے درمیان چین کے شہر مشرقی شنگھائی میں منعقد ہوگا۔
توقع ہے کہ رواں سال کے فورم میں جدید صنعت کی کامیابیاں پیش کی جائیں گی جن میں ماحول دوست جہاز رانی، جہاز رانی نیٹ ورک کی ترتیب، تکنیکی معیار، سروس میں اختراع اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔
