جمعہ, اکتوبر 17, 2025
ہومEnertainmentہانیہ عامر پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر مقرر

ہانیہ عامر پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر مقرر

ہانیہ عامر کو بہترین اداکاری کے لیے جانا جاتا ہے تاہم اب انہیں پاکستان کی خواتین کے لیے عملی دنیا میں کردار ادا کرنے کا موقع دیا گیا ہے اور اقوام متحدہ نے انہیں پاکستان کے لیے خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین پاکستان نے کہا کہ یواین ویمن پاکستان ہانیہ عامر کو بطور خیرسگالی سفیر خوش آمدید کہتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نامور اداکارہ ہانیہ عامر اپنا پلیٹ فارم پاکستان بھر کی خواتین اور لڑکیوں کی توانا آواز، آگاہی پھیلانے اور حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کریں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم مل کر ایک ایسے مستقبل کے لیے کام کریں گے جہاں ہر خاتون اور لڑکی تشدد، امتیازی سلوک اور غیرمساویانہ رویوں سے آزاد ہو کراپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرے۔

ہانیہ عامر یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی ہیں، اس سے قبل 2015 میں منیبہ مزاری کو اقوام متحدہ خواتین کی خیرسگالی کی سفیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ جنوبی ایشیا میں تیسری خاتون اور مجموعی طور پر چوتھی شخصیت ہے جہاں مبینہ مزاری کے علاوہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور بالی ووڈ کے فلمساز اور اداکار فرحان اختر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

عالمی سطح پر خواتین کی خیرسگالی سفیروں میں ہالی ووڈ کی مشہور اداکارائیں ایماواٹسن، نیکول کڈمین اور اینی ہیتھوے کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے دیگر اداروں میں بھی پاکستان کے متعدد شخصیات کو خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جس میں مشہور اداکار فواد خان اقوام متحدہ کے ڈیولپمنٹ پروگرام، شہزاد رائے کو اقوام متحدہ کے انسداد منشیات و جرائم کا خیرسگالی سفیر بنایا جاچکا ہے۔

پاکستان کی اداکارہ ماہرہ خان اور صبا قمر بھی اس خیرسگالی سفرا کی فہرست میں شامل ہیں جنہیں بالترتیب اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین اور بچوں کا ادارہ یونیسیف کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!