بیجنگ(شِنہوا)چینی مین لینڈ کے ایک ترجمان نے تائیوان کے عوام پر زور دیا ہےکہ وہ تائیوان کے رہنما لائی چھنگ تے کے حالیہ علیحدگی پسندانہ بیانات سے گمراہ یا متاثر نہ ہوں۔
ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا نے لائی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے اور تائیوان چین کا ایک حصہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے تائیوان کے آر پار یہی ایک تاریخی اور قانونی حقیقت ہے جسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور اس پر بین الاقوامی برادری کی عالمگیر اتفاق رائے ہے۔
چھن نے واضح کیا کہ تائیوان نہ کبھی ملک رہا ہے اور نہ کبھی بنے گا۔
ترجمان نے کہا کہ تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی) کی انتظامیہ ایک علیحدگی پسندانہ موقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔ 1992 کے اتفاق رائے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی ہے اور "تائیوان کی آزادی” کی غلط دلیلیں پھیلا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان کے یہ اقدامات آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو کمزور کرتے ہیں، تائیوان کے عوام کے مفادات اور فلاح و بہبود کو نقصان پہنچاتے ہیں اور آبنائے کے آر پار مذاکرات کی راہ میں سنگین رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں۔
چھن بن ہوا نے تائیوان کے عوام پر زور دیا کہ وہ ڈی پی پی انتظامیہ کی اصلیت کو پہچانیں، جو آبنائے میں امن کو تباہ کرنے والی اور بحران کو پیدا کرنے والی قوت ہے۔ انہوں نے عوام کو مین لینڈ کے ساتھ مل کر "تائیوان کی آزادی” کی علیحدگی پسندانہ کارروائیوں کی مخالفت کرنے اور آبنائے میں امن و استحکام کو محفوظ بنانے کے لئے کام کرنے پر زور دیا۔
