وزیر اعظم شہباز شریف نے بصارت سے محروم افراد کو مساوی مواقع، روزگار فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفید چھڑی نہ صرف نقل و حرکت بلکہ وقار، ہمت اور حوصلے کی علامت ہے۔
سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم دنیا بھر کے ساتھ سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن منا رہے ہیں، یہ دن پہلی بار 1964میں منایا گیا اوروقت کیساتھ اس دن کو عالمی سطح پر بین الاقوامی اداروں کی طرف سے وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف بصارت سے محروم افراد کی نقل و حرکت اور آزادی کی علامت ہے بلکہ ان افراد کے حقوق اور زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی شمولیت کی ضمانت سے متعلق ہمارے مشترکہ فرض کی یاددہانی بھی کرواتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سفید چھڑی محض نقل و حرکت کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ وقار، ہمت اور حوصلے کی علامت ہے جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری قوم کی طاقت اس کے تمام شہریوں کو بلا تفریق بااختیار بنانے میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بصارت سے محروم افراد کو مساوی مواقع اور روزگار کی فراہمی کا عزم کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خصوصی افراد کے حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے بصارت سے محروم شہریوں کی کامیابیوں پر فخر ہے، جو مختلف شعبوں میں عالمی سطح پرملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔انہوں نے صائمہ سلیم پاکستان کی پہلی بصارت سے محروم سرکاری افسر اور سفارتکار ہیں جو پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ میں مستقل مشن میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی سے اپیل ہے کہ وہ سفید چھڑی کو عزت اور قابلیت کی علامت تسلیم کرے اور ایسا پاکستان بنانے کا عہد کرے جہاں ہر شہری جسمانی کمی یا چیلنج سے قطع نظر آزادانہ طور پر آگے بڑھ سکے ، ملکی ترقی میں مکمل طور پر اپنا حصہ ڈال سکے اور بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے خوابوں کی پیروی کرنے کے قابل ہو۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہماری کوششوں میں برکت عطا فرمائے اور ایسے پاکستان کی طرف رہنمائی فرمائے جو باہمی رواداری، ہمدردی اور ہم آہنگی کا مظہر ہو۔