ٹوکیو: پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹس چیمپین شپ کے فائنل میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پہلی تھرو 82.73 میٹر کی اور ان کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی جب کہ تیسری باری میں وہ صرف 83.75 میٹر کی تھرو ہی کرسکے۔
جیولن تھرو کے ابتدائی 3 رانڈز میں ٹاپ 8 ایتھلیٹس ہی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرتے ہیں، تاہم ارشد ندیم ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی تھرو 83.65 میٹر کی ، دوسری بار میں 84.03 میٹر کی تھرو کی اور ان کی تیسری تھرو ضائع ہوگئی۔
اسی طرح بھارت کے ایک اور کھلاڑی سچن یادوو نے پہلی بار میں 86.27 میٹرو کی تھرو کرکے سب کو حیران کیا۔جرمنی کے جولین ویبر کی پہلی تھرو 83.86 جب کہ دوسری تھرو 86.11 میٹر کی ہوئی۔
واضح رہے گزشتہ روز، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ کے کوالیفائینگ راونڈ میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلی باری میں 76.9 کی کمزور تھرو کی اور وہ دوسری باری میں بھی لمبی تھرو نہ کرسکے، دوسری باری میں انہوں نے 74.17 میٹر کی تھرو کی۔