وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں افغان باشندے شامل ہیں۔ افغانستان خارجیوں اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔
خیبر پختونخوا میں پاک فوج کے 12 جوانوں کی شہادت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔ اور اس میں کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کرنے والے دہشتگردوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں ہیں۔ جن کی پشت پنائی بھارت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان باشندے شامل ہیں۔ جو افغانستان سے آکر پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں۔ غیر قانونی طور پر پاکستان میں موجود افغان باشندوں کا جلد انخلا انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو مکمل طور پر رَد کرتی ہے۔ جو بھی خارجیوں اور ہندوستان کی دہشت گرد پراکسیوں کی سہولت کاری اور معاملہ فہمی کی بات کرتا ہے وہ انہی کا اعلیٰ کار ہے۔ اور اُسے بھی اُسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس کا وہ حق دار ہے۔