کراچی: ڈرامہ کیس نمبر 9 کا نیا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ، اس میں فیصل قریشی کا مکالمہ فلرٹ کرنے، غصہ کرنے اور ریپ کرنے میں فرق ہوتا ہے نمایاں دکھایا گیا ہے۔
ڈراما ایک سماجی موضوع اور تھرلر پر مبنی ہے، جس کی کہانی جرائم اور طاقتور و کمزور کے درمیان جاری قانونی جنگ کے گرد گھومتی ہے۔ نئے ٹیزر میں گھریلو تنازعات، طاقتور اور کمزور کے درمیان کشمکش اور ایک ایسی عورت کا عزم دکھایا گیا ہے جو اشرافیہ کے زیر اثر قانونی نظام سے لڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ڈرامے میں صبا قمر ریپ کا شکار ہونے والی لڑکی سحر معظم کا کردار ادا کر رہی ہیں، جب کہ فیصل قریشی ایک بااثر اور دولت مند شخص کا کردار نبھا رہے ہیں جس پر ریپ کا الزام ہے۔
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ ریپ کی رپورٹ درج کرانے کے بعد صبا قمر کو انصاف دینے کے بجائے انہیں دبا اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ بااثر افراد انہیں خاموش کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کیس نمبر 9 کی کہانی اس کٹھن جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے جو ایک ایسے نظام کے خلاف ہے جس کا مقصد سچ کو دبانا ہے۔ ٹیزر کے مطابق فیصل قریشی کا کیس نور الحسن جب کہ صبا قمر کا کیس آمنہ شیخ لڑتی نظر آئیں گی۔
جاری کیے گئے ٹیزر میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ فیصل قریشی عدالت میں خود کو مظلوم ثابت کرنے کے لیے ایک ڈائیلاگ بولتے ہیں جو کافی مقبول ہو رہا ہے فلرٹ کرنے، غصہ کرنے اور ریپ کرنے میں فرق ہوتا ہے۔ کیس نمبر 9 کی کہانی سحر کی انصاف کے حصول کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے اور بظاہر اسے انصاف حاصل کرنے میں بے پناہ مشکلات کا سامنا ہوگا۔
ڈراما سیریل کیس نمبر 9 بہت جلد نجی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا، جسے معروف صحافی شاہ زیب خانزادہ نے تحریر کیا ہے، جب کہ ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے کی ہے جو اس سے قبل ڈراما خئی کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں۔
ڈرامے کو سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے، اس کی کاسٹ میں شوبز کے بڑے نام شامل ہیں جن میں فیصل قریشی، صبا قمر، گوہر رشید، آمنہ شیخ، نوین وقار، حنا بیات، نور الحسن، شاہنواز زیدی اور علی رحمن خان سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔