ہفتہ, ستمبر 6, 2025
ہومLatestمیڈیا کا کردار پاک۔چین تعلقات اور سی پیک منصوبوں کے فروغ میں...

میڈیا کا کردار پاک۔چین تعلقات اور سی پیک منصوبوں کے فروغ میں اہم ہے، چینی ناظم الامور

محمد ضمیراسدی

اسلام آباد: چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور شی یوان چیانگ نے کہا ہے کہ میڈیا کا کردار پاک۔چین دوطرفہ تعلقات اور پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے فروغ میں نہایت اہم ہے۔

انہوں نے یہ خیالات بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ بعنوان “سی پیک رپورٹنگ اور میڈیا ایتھکس کے حوالے سے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں میں اضافہ” سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔ یہ ورکشاپ اسلام آباد میں سینٹر فار ڈیموکریسی اینڈ کلائمیٹ اسٹڈیز (سی ڈی سی ایس) نے چینی سفارتخانے کے اشتراک سے منعقد کی۔

چینی سفارتخانے کے ناظم الامور نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان سدابہاراسٹریٹجک شراکت دار اور آہنی دوست ہیں۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے کے کونسلر مسٹر وانگ شینگ جئے نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی کو اجاگر کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو گہرا کرنے میں میڈیا ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے اور پاکستانی عوام میں چین کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا: “امید ہے کہ صحافی اور آن لائن انفلوئنسرز اپنے پلیٹ فارمز کو پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کریں گے، چین سے متعلق خبروں کے ترجمان، چین کے بارے میں تصورات کے مفسر اور چین کے ساتھ دوستانہ عوامی رائے کے رہنما کے طور پر کام کریں گے، اور یوں دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی اور عوامی سطح پر قربت کو فروغ دینے میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔”

تربیتی ورکشاپ کے شرکاء نے پروگرام کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس طرح کے اقدامات پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہیں اور پاک۔چین تعلقات کے بارے میں درست بیانیہ کو فروغ دیتے ہیں۔

سی ڈی سی ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور ایک مثالی دوستی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں تعمیری کردار ادا کرے۔ حقائق پر مبنی رپورٹنگ پاکستانی عوام کو سی پیک کے منصوبوں کے بارے میں درست معلومات فراہم کر سکتی ہے۔

اختتامی تقریب کے موقع پر چیف گیسٹ پاکستان۔چین انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے اس اقدام کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ گیسٹ آف آنر نیشنل پریس کلب کے سابق صدر شکیل قرار نے بھی پروگرام کو سراہا اور نوجوان صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داری اور درست رپورٹنگ جاری رکھنے کی تلقین کی۔

سینئر صحافیوں، سفارتکاروں اور ماہرین تعلیم، جن میں دفاعی تجزیہ کار عامر رانا، سابق سفیر برائے چین معین الحق، سینئر صحافی سہیل اقبال بھٹی، ہمایوں خان، انس ملک، عامر الیاس رانا، جاوید اقبال اور ڈاکٹر عارف (نست) شامل تھے، نے فیکٹ چیکنگ، میڈیا سیفٹی اور غلط معلومات سے نمٹنے کی حکمت عملیوں پر سیشنز کی قیادت کی۔

بعدازاں شرکاء کو اسناد چیف گیسٹ مصطفیٰ حیدر سید اور گیسٹ آف آنر نیشنل پریس کلب کے سابق صدر شکیل قرار نے پیش کیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!