جمعہ, ستمبر 5, 2025
ہومLatestجماعت اسلامی کا حکومت سے متاثرہ کسانوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ،...

جماعت اسلامی کا حکومت سے متاثرہ کسانوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ، عدم تلافی پر لانگ مارچ کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے سیلاب متاثرہ کسانوں کیلئے فوری ریلیف و مالی مدد کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ سیلاب کے بعد غذائی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں، ناجائز ہائوسنگ سوسائٹیوں کے این او سیز کا اجراء ،آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی اجازت بد انتظامی ہے، اگر بلدیاتی ادارے فعال ہوتے تو آج اتنے بڑے پیمانے پر بحران نہ جنم لیتا، حکومت نے عوام کے گھروں، فصلوں کے نقصان کی تلافی نہ کی تو لانگ مارچ سمیت ہر سطح پر جدوجہد کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، 40لاکھ ایکڑ زمین اور تین ہزار دیہات زیر آب آ ئے ہیں ،چاول اور کپاس کی فصلیں بری طرح متاثر ہونے سے گندم بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے گندم کا ریٹ 3900 روپے مقرر کیا مگر بعد میں پیچھے ہٹ گئی جس سے کسان مزید تباہ ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو بیج پر سبسڈی دی جائے اور فصلوں کے نرخ بڑھا کر سہارا فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جمع پونجی اور مکانات سیلاب میں بہہ گئے ہیں مگر تاحال حکومت نے متاثرین کی ادائیگی و بحالی کیلئے واضح حکمت عملی سامنے نہیں لائی، ناجائز ہائوسنگ سوسائٹیوں کے این او سی جاری کرنے اور آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی اجازت دینا بد انتظامی ہے، اس سے ماحولیاتی اور شہری بحران میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گجرات سمیت کئی اضلاع تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جہاں کشتیوں اور ٹرالیوں کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اشتہارات پر اربوں روپے خرچ کری ہے مگر بڑے شہروں میں نکاسی آب اور ریلیف کے نظام میں کوئی بہتری نہیں آئی، اگر بلدیاتی ادارے فعال ہوتے تو آج اتنے بڑے پیمانے پر بحران نہ جنم لیتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھی موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا شکار ہے، ایک ہی وقت میں خیبر پختونخوا میں متعدد کلائوڈ برسٹ اور مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہزار افراد جاں بحق ہوئے مگر حکمران جدید آلات نصب کرنے اور جنگلات کے تحفظ کے بجائے کرپشن میں لگے رہے۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی، ناجائز تعمیرات اور حکمرانوں کی بدعنوانی نے قدرتی آفات کے اثرات کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دریائوں میں مسلسل آبی دہشت گردی کر رہا ہے ،پاکستان کو اس کا موثر جواب دینا چاہئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے عوام کے گھروں اور فصلوں کے نقصان کی تلافی نہ کی تو جماعت اسلامی متاثرین کی آواز بنے گی اور لانگ مارچ سمیت ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!