اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے فورتھ آپٹیکل ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ الحمدللہ پاکستان کا فورتھ آپٹیکل سیٹلائٹ چین میں کامیابی سے لانچ ہوا اور بحفاظت اپنے مدار میں پہنچ گیا ہے، یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ پاکستان کو دوبارہ سپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک قائدانہ کردار ادا کرنیوالے ممالک کی صف میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برس پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے تعاون سے خلا میں جائے گا اور خلائی سٹیشن پر قدم رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ 2035تک پاکستان چاند پر مشن کامیابی سے مکمل کرے۔وفاقی وزیر نے سیٹلائٹ مشن کی کامیاب تکمیل پر سپارکو کی ٹیم، انجینئرز اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے دیرینہ تعاون پر چین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے آہنی بھائی چین کے بے مثال تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں جو ہر قدم اور ہر شعبے میں پاکستان کے ترقیاتی سفر میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔