پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے پشاور کو ملک کا بہترین وخوبصورت دارالخلافہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین نے کہا کہ پشاور کیلئے میگا پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں، شہر کو ہم نے خوبصورتی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر لانا ہے، ہمارے دور حکومت کے بعد پشاور سب سے خوبصورت شہر کہلائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں پر کام جاری ہے، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ مسنگ لنک کی تعمیر اور دیگر منصوبے بھی شامل ہیں، بی آر ٹی سروس مزید علاقوں تک پھیلانے کے منصوبے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے انڈر پاسز کی تعمیرات جاری ہیں ،2ماہ میں شہریوں کو سولر پینل بھی ملنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے شہریوںکو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،صحت کارڈ کے تحت لوگ مہنگے علاج مفت کروا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں، کئی شہروں میں سکول اور کالجز کی تعمیر جاری ہے، چاہتے ہیں بچے پڑھ لکھ کر ملک کی تعمیر وترقی میں کردارادا کریں۔