اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا اب جو ہوا عمران خان کی ہدایت پر ہوگا،مرزا آفریدی ہمیشہ پارٹی بیانئے ،مفادات کیساتھ کھڑ ے رہے ، بانی نے نام خود فائنل کیا تھا، دو سال ہو گئے اب سختیاں ختم، بانی سے سب کی ملاقات ہونی چاہئے۔جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے میں سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی کے ساتھ ہوئے ہیں، پی ٹی آئی نے سارے نام پہلے ہی فائنل کر لئے تھے،اس میں ایک نام بھی ایسا نہیں جو بانی پی ٹی آئی کی مشاورت کے بغیر ڈالا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2024ء میں یہ سارا کچھ فائنل ہو گیا تھا، پھر مخصوص نشستوں کی وجہ سے اس میں بریک آگیا تھا، جب مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہوا تو ہم سمجھے ہمیں اتنی سیٹیں اب نہیں ملیں گی جتنی ہماری بنتی ہیں، ہم اتنے کی ہی توقع کر رہے تھے یہ بہتر ہوا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں 6سیٹیں ملی ہیں یہ بہترین ہو گیا ہے، 9مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والے لوگوں کو ٹکٹ دینے کی بات درست نہیں ہے، لوگ مرزا آفریدی کا نام لیتے ہیں جبکہ خود عمران خان نے ان کا نام فائنل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مرزا آفریدی نے پارٹی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، وہ پارٹی بیانئے اور پارٹی مفادات میں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے ہیں، دو سال ہو گئے ہیں اب سختیاں ختم ہونی چاہئیں اور پانی پی ٹی آئی سے سب کی ملاقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی فیصلے موجود ہیں تاہم ان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات بیرسٹر سیف کی ہوئی پھر ان کی بہنوں کی ملاقات ہوئی، اس پر لوگ شکوک و شبہات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو نکالنا نہیں پڑتا، لوگ خود نکلتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اس احتجاج کو جیل سے خود لیڈ کریں گے، اب مذاکرات کا وقت ختم ہو گیا ہے، اب جو بھی ہوگا عمران خان ہی ہدایات دیں گے۔