اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ملکی ساکھ میں بہتری، قومی اہداف کے حصول میں موثر کردار کی ادائیگی کیلئے عالمی تعیناتیوں میں قومی مفادات کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔ عالمی اداروں میں سینئر پاکستانی ماہرین کی تعیناتیوں کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا۔
جس میں وفاقی وزراء اقتصادی امور اور موسمیاتی تبدیلی، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وزیر مملکت ریلوے، سیکرٹریز اسٹیبلشمنٹ و اقتصادی امور ڈویژن اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بین الاقوامی اداروں میں پاکستانی ماہرین کی تعیناتی و شمولیت کے عمل کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں عالمی سطح پر پاکستان کی موثر نمائندگی، شفافیت، اور میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام بین الاقوامی تعیناتیوں کیلئے اہلیت، شفاف طریقہ کار اور قومی مفادات کو اولین ترجیح دی جائے، پاکستان کی عالمی ساکھ مزید بہتر ہو اور قومی اہداف کے حصول میں موثر کردار ادا کیا جا سکے۔