پیر, جولائی 7, 2025
ہومLatestچین برازیل کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں...

چین برازیل کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے گا، چینی وزیراعظم

ریو ڈی جنیرو(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل معیشت، ماحول دوست معیشت، سائنسی و تکنیکی اختراعات اور خلائی تحقیق جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بات برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی، چینی وزیراعظم 17ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے ہفتے کے روز ریو ڈی جنیرو پہنچے۔

چینی وزیراعظم نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے برازیل کے صدر کو گرم جوش سلام پہنچایا اور کہا کہ چین-برازیل تعلقات اپنے بہترین دور میں ہیں اور دونوں ممالک مل کر مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ دنیا کو مزید منصفانہ اور پائیدار بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مئی میں لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک کے سربراہان نے مشترکہ مستقبل کے حامل چین-برازیل معاشرے کے قیام اور کثیرجہتی کی حمایت کے لئے مل کر کام کرنے پر اہم اتفاق کیا۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو مزید وسعت دینے اور تعاون میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں اقوام کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

چین تجارتی، مالیاتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں بیلٹ اینڈ روڈ لائحہ عمل کے تحت برازیل کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

لی چھیانگ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ 2026 میں چین-برازیل سال برائے ثقافت کو کامیاب بنانے، تعلیم، نوجوانوں، صحت کی دیکھ بھال اور عوامی تبادلوں کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے مل کر کام کریں۔

چین اور برازیل کو کثیرجہتی اور آزاد تجارت کے پُرعزم حامی قرار دیتے ہوئے لی چھیانگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ، برکس اور گروپ20 جیسے عالمی پلیٹ فارمز کے اندر برازیل کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ اتحاد میں ایک متوازن اور منظم کثیر قطبی دنیا اور سب کے لئے فائدہ مند اور جامع معاشی عالمگیریت کو فروغ دیا جا سکے اور دنیا میں زیادہ اعتماد اور استحکام لایا جا سکے۔

چین، برازیل کی میزبانی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 30 میں شرکت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اس موقع پر برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا نے صدر شی جن پھنگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان گہری دوستی ہے۔

انہوں نےکہا کہ برازیل چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔

برازیل کے صدر نے کہا کہ برازیل چین کے ساتھ کثیرجہتی روابط اور ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے، یکطرفہ پالیسیوں کی مخالفت کرنے اور کثیرجہتی و آزاد تجارت کی حمایت جاری رکھنے کے لئے تیار ہے تاکہ دنیا میں امن و ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات کے بعددونوں ممالک کے درمیان مالیاتی امور، مصنوعی ذہانت، ترقیاتی حکمت عملی کی ہم آہنگی اور خلائی تحقیق جیسے شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!