گوانگ ژو(شِنہوا)چینی نائب وزیراعظم لیو گوژونگ نے زراعت اور صحت کے شعبوں میں سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی اختراع کو تیز کرنے اور ادویات و طبی آلات میں خود انحصاری پر مبنی جدت کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
لیو گوژونگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ہیں، نے جمعرات سے ہفتہ تک چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے تحقیقاتی دورے کے دوران کہا کہ صنعت کی فوری ضروریات پر توجہ مرکوز کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بیجوں کی صنعت، زرعی مشینری، چارہ اور کاشت و افزائش نسل کی ٹیکنالوجیز جیسے کلیدی شعبوں کو ہدف بنانے پر زور دیا۔
لیو نے کہا کہ زرعی سائنسی و تکنیکی کامیابیوں کی منتقلی کے عمل کو تیز، ذہانت پر مبنی زراعت کی بھرپور معاونت اور زرعی مصنوعات کی گہرائی سے پروسیسنگ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے غربت سے نکالے گئے افراد اور دیہی مزدوروں کی مستحکم ملازمت کو یقینی بنانے کے لئے رہنمائی اور مہارت کی تربیت کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
لیو نے کہا کہ اداروں، ہسپتالوں اور تحقیقی اداروں کو ادویات اور طبی آلات کی جدید اور اہم ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کی جائے اور صنعت، تعلیم، تحقیق اور اطلاق کے درمیان گہرے انضمام کو مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔
