راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا کر بھارتی حمایت یافتہ 30فتنہ الخوارج کو جہنم واصل کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2اور 3جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج کی بڑی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
بیان کے مطابق تمام 30دہشت گردوں کو بروقت کارروائی کر کے ہلاک کردیا گیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کا دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم اور تیار ہیں،افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے غیر ملکی پراکسیزکے استعمال سے روکے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔