کراچی: پاکستانی اداکارہ نادیہ خان نے کہا ہے کہ میری آخری وارننگ ہے، آئندہ اگر کوئی ذاتی حملہ کیا گیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے، اب بہت ہو چکا ، کسی نے ذاتی نوعیت کا تبصرہ کیا تو اسے قانونی سطح پر جواب دینا ہوگا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں نادیہ خان نے کہا کہ اگر اب کسی نے ان پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کی تو انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اخلاقیات کو پیسے اور شہرت کیلیے بیچا جائے تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
نادیہ خان کے مطابق وہ نہ صرف کریمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی کیس دائر کریں گی، جس کے بعد ان افراد کو برسوں تک عدالت کے چکر لگانے پڑیں گے۔یاد رہے نادیہ خان نے شوبز میں بطور اداکارہ اپنے سفر کا آغاز کیا، مگر ان کی اصل شناخت مارننگ شوز کے ذریعے بنی، جہاں وہ خواتین کیلئے خصوصی سیگمنٹس کے ساتھ اسکرین پر نظر آتی ہیں۔
ان کا شو نہ صرف عوام بلکہ شوبز شخصیات کی تنقید کا بھی مرکز بنتا رہا ہے، اور حالیہ دنوں میں اس شو کے مختلف حصوں پر اداکاروں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کھل کر سامنے آیا ہے۔
معروف اداکار فیصل قریشی، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین سمیت متعدد فنکار شو پر تنقید کرچکے ہیں، جبکہ حال ہی میں سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور دیگر میزبانوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ ان تنقیدوں کے بعد نادیہ خان نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو کے ذریعے واضح پیغام دیا کہ وہ مزید برداشت نہیں کریں گی۔