جمعرات, جولائی 3, 2025
ہومLatestبلاول بھٹو کی بھارت کو الزام تراشی ترک کرکے مذاکرات کی دعوت

بلاول بھٹو کی بھارت کو الزام تراشی ترک کرکے مذاکرات کی دعوت

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھارت کو الزام تراشی ترک کرکے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ،عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے سیکھے،طالبان حکومت کی وعدہ خلافی عدم استحکام کا باعث ہے،سرنڈر کرنا پاکستان کی ڈکشنری میں شامل نہیں، ڈیجیٹل پروپیگنڈا عصر حاضر کا پیچیدہ چیلنج ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تحت ‘دنیا کیلئے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ ‘کے عنوان سے عالمی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا،ہم نے ناسور کیخلاف جنگ میں 92ہزار افراد کو سپردخاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف پورے عزم کیساتھ برسرپیکار اور ہراول دستے کا کردارادا کررہا ہے، ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشت گردی کو شکست دینی ہے۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور سرحد نہیں ہوتی، پاکستان دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ دنیا کے امن کیلئے لڑ رہا ہے، عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون کرے۔

انہوںنے کہا کہ ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشنز نے دہشت گردوں کی کمر توڑی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہرگز دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گا، سرنڈر کرنا پاکستان کی ڈکشنری میں شامل ہی نہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے تجربات اور کامیابیوں سے سیکھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پروپیگنڈا عصر حاضر کا ایک اور پیچیدہ چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، طالبان حکومت آنے کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر ہونیوالے حملوں میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ بلاول بھٹو نے بھارتی قیادت کو خطے کے امن کیلئے مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر جیسے تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ضروری ہے،بھارت الزام تراشی کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کا حصہ بنے اور پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی روش ترک کرے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65فیصد آبادی کی عمر 30سال سے کم ہے، نوجوانوں کو فائر وال کی بجائے تیز رفتار انٹرنیٹ دینے کی ضرورت ہے،ہم نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!