چھنگ دو(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم ڈِنگ شوئے شیانگ نے چین میں منعقدہ دوسری بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی تبادلہ میں شرکت کرنے والے کئی غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
سربیا کی قومی اسمبلی کی نائب سپیکر مارینا راگس سے ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈِنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ چین سربیا کے ساتھ مل کر دونوں سربراہانِ مملکت کے مابین طے شدہ اہم اتفاقِ رائے کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور ترجیحات کی حمایت کرنا چاہتا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو دوطرفہ تعلقات کے نئے ترقیاتی محرک میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر مارینا راگس نے کہا کہ سربیا چین کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایک چین اصول پر سختی سے کاربند ہے اور سرمایہ کاری، معیشت و تجارت اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مستقبل کا حامل ایک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
ازبکستان کے نائب وزیراعظم راماتوف اچلبے جمانیازووچ سے ملاقات کے دوران چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین ازبکستان کے ساتھ اپنے سیاسی باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے، ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو بڑھانے اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے لائحہ عمل کے تحت روابط، معیشت و تجارت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں مضبوط اور بامعنی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
راماتوف اچلبے جمانیازووچ نے کہا کہ ازبکستان دونوں سربراہانِ مملکت کے مابین طے شدہ تزویراتی اتفاقِ رائے کی روشنی میں چین کے ساتھ عملی تعاون کو مزید وسعت دینے اور جامع تزویراتی شراکت داری کو مسلسل ترقی دینے کے لئے تیار ہے۔
ایران کے سائنس، ٹیکنالوجی اور علم پر مبنی معیشت کے نائب صدر حسین افشین سے ملاقات کے دوران ڈِنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہانِ مملکت کے درمیان طے شدہ اہم اتفاقِ رائے کی رہنمائی میں چین ایران کے ساتھ مل کر چین-ایران جامع تعاون کے منصوبے کے بہتر نفاذ، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں موجود تعاون کے امکانات کو مزید اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید ٹھوس فوائد فراہم کئے جا سکیں۔
