کراچی: معروف اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ میں نے جان بوجھ کر عید کی روایتی تیاریوں سے گریز کیا،گزشتہ کئی مہینے مسلسل کام اور سفر میں گزرنے کے بعد مجھے آرام کی شدید ضرورت تھی، میں نے پہلی بار محسوس کیا کہ مجھے یہ سب کرنے کی ضرورت نہیں،میں نے سچا، سادہ اور روح کو سکون دینے والا آرام چنا۔
صبا قمر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر مداحوں کو بتایا کہ میرے پیارو! میں جانتی ہوں آپ میری عید کی تصاویر کے منتظر تھے، لیکن اس بار کوئی خاص جھلک تھی ہی نہیں۔انہوں نے اپنی عید کی روٹین شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ تین دن بالوں میں تیل لگا کر، مزیدار کھانے کھا کر اور خاموش دعائیں مانگتے ہوئے گزارے۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی انسان کو رک کر سانس لینے اور اپنے آپ کو وقت دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ صبا قمر نے مداحوں سے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی اپنی معمول کی روٹین میں واپس آ جائیں گی۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ کہ آپ ہمیشہ مجھے سمجھتے ہیں اور میری کمی کو محسوس کرتے ہیں۔