لندن: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک نے کہاہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی کامیابی حاصل ہوئی، میڈیا نے بھی ذمے داری کا ثبوت دیا، بھارت کے ساتھ پہلے بھی جھڑپ ہوتی رہی ہے لیکن پہلی بار آپ نے دیکھا کہ پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی تھی۔
ایک بیان میںمصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے ایس 400 کو بھی ہوا بنا رکھا تھا پھر آپ نے پاکستانی ڈرون بھارت میں دیکھے اور وہاں ایئر بیسز کو تباہ ہوتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مضبوطی اور خود اعتمادی کے ساتھ آ رہے ہیں، ہم تو خطے میں امن چاہتے ہیں، وہ آج بھی جنگ چاہتے ہیں، وزیراعظم نے بھارت کو کہا آئیں بات کریں، بھارتی وزیراعظم نے کہا نہیں جنگ کرنی ہے، چلیں جنگ بھی ہوگئی۔
مصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے تین ہوے بنا رکھے تھے کہ ان کی روایتی جنگ کا کوئی ثانی نہیں، پھر آپ نے یہ متھ ٹوٹتے دیکھی، بھارت نے ہوا بنا رکھا تھا کہ رافل طیارے ہیں، پھر آپ نے پھڑپھڑاتے پرندوں کی طرح رافل گرتے دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے نقصان کے بعد پھر وہ خود ہی بات چیت پر آگئے اور ہم تو کب سے کہہ رہے ہیں بات چیت ہونی چاہیے، بھارت کی غنڈا گردی کی وجہ سے ہمارا مقدمہ آسان ہو گیا۔