پیر, جون 9, 2025
ہومLatestایک گھر میں بجلی کے 2میٹرز پر پابندی کی خبر سے پریشانی...

ایک گھر میں بجلی کے 2میٹرز پر پابندی کی خبر سے پریشانی ہوئی، رابطے پر معلوم ہوا خبر فیک ہے، سعد رفیق

 لاہور: سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہاہے کہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک گھر میں بجلی کے دو میٹرز پر پابندی کی خبر فیک ہے، بجلی کے 200یونٹس استعمال کے ریٹ کا 201یونٹ پر یکدم بدل جانا مصیبت ہے، جامع حل نکالنا ہوگا،پاور سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کرپٹ مافیا سے جان چھڑانے کا موزوں راستہ ہے ،وفاقی حکومت بجلی سستا کرنے بارے مستقبل کا روڈ میپ قوم کے سامنے رکھے۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ ایک ہی گھر میں بجلی کے 2میٹرز پر پابندی کی خبر دیکھ کر پریشانی ہوئی، میں نے اپنا فرض سمجھ کر ایک روز قبل سی ای او لیسکو رمضان بٹ اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے رابطہ کیا، دونوں حضرات نے یقین دہانی کروائی خبر فیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت بجلی نے اس حوالے سے وضاحت بھی جاری کر دی ہے، میری اطلاع کے مطابق ایک گھر کے الگ الگ پورشنز یا بلڈنگ کے فلیٹس میں رہنے والی فیملیز اپنے لئے الگ الگ میٹرز لے سکتی ہیں، ایک گھر کے داخلی دروازے کا مطلب گھر کا نہیں بلکہ پورشن کا دروازہ ہوگا بشرطیکہ وہاں قیام پذیر فیملیز کے الیکٹرک سرکٹ الگ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ وزرات بجلی کو یہ وضاحت بروقت کرنی چاہئے تھی، بہرحال دیر آید درست آید۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے 200یونٹس استعمال کے ریٹ کا 201یونٹ پر یکدم بدل جانا بھی مصیبت بنا ہوا ہے، لوگ کتنی بھی احتیاط کریں، چند یونٹ اوپر ہو ہی جاتے ہیں، اس کا جامع حل نکالنا ہوگا۔سعد رفیق نے کہا کہ میں ایکسپرٹ نہیں ہوں لیکن میری رائے میں 200سے 300کی سلیب میں آتے آتے کم ازکم تین یا چار stepsہونے چاہئیں، معاشی حالت ذرا اور سدھر جائے تو بجلی کا کم از کم ریٹ 300یونٹ پر بھی مقرر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری سولر پینلز کی پاکستان میں مینو فیکچرنگ اور عام آدمی کو اس ضمن میں بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی ایک اور راستہ ہے، تاکہ لوگ مہنگی بجلی کے عتاب سے بچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور پاور سپلائی کمپنیوں میں ان کے سہولت کار سرکاری اہلکاروں پر بے رحمانہ کریک ڈاؤن ہونا چاہئے، پاور سپلائی کمپنیوں کی نجکاری بھی کرپٹ مافیا سے جان چھڑانے کا موزوں راستہ ہے جس پر وفاقی حکومت نہایت سنجیدگی سے پیش قدمی کر رہی ہے ،یہ حقیقت ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر توانائی بجلی قیمتوں میں کمی اور پاور سپلائی نظام کی اصلاح کیلئے پوری توجہ اور تندہی سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے کام میں بھی تیزی لائی گئی ہے، میری تجویز ہے کہ وفاقی حکومت بجلی کو سستا کرنے بارے مستقبل کا روڈ میپ قوم کے سامنے رکھے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!