چھنگ دو(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان میں میشان کے مقام پر کمرشل سیٹلائٹ گراؤنڈ سٹیشن کے منصوبے کی منظوری کے بعد نئی سیٹلائٹ صنعت پر مبنی شہر تیزی سے تشکیل پا رہا ہے جو چین میں سیٹلائٹ صنعت کا نیا مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔
نئی تنصیب کی مالک ہوان تیان وزڈم ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ڈپٹی جنرل منیجر یانگ ژین یو نے شِنہوا کو بتایا کہ سیچھوان میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا منصوبہ نہ صرف خطے کے خلائی شعبے کی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ہے بلکہ ملک میں کمرشل سیٹلائٹ نیٹ ورکس کو فروغ دینے میں بھی مدد دے گا۔
ژانگ نے کہا کہ اس سے میشان کے خلائی صنعت کے ڈھانچے کا آخری حصہ مکمل ہونے کی توقع ہے جس سے یہ شہر سیٹلائٹ تحقیق و ترقی، مانیٹرنگ اور کنٹرول، اطلاق اور ڈیٹا ترسیل کی مکمل صلاحیتوں کے حامل چند مقامات میں شامل ہو جائے گا۔
مقامی آبی ذخیرے کے قریب 872 مربع میٹر پر محیط یہ گراؤنڈ سٹیشن 12 میٹر قطر کے انٹینا اور دیگر معاون سہولیات پر مشتمل ہوگا۔
اس کی تعمیر جون کے وسط میں شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ اسے تیسری سہ ماہی میں مکمل کیا جائے گا جس کے بعد سال کے آخر تک اس کی باقاعدہ کارروائیاں شروع ہوں گی۔
ژانگ نے کہا کہ یہ بنیادی ڈھانچہ سیٹلائٹ آپریشنز کے لئے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ فعال ہونے کے بعد یہ گراؤنڈ سٹیشن سیٹلائٹس کی ڈیٹا کی ترسیل اور وصولی کی صلاحیت اور استحکام میں نمایاں بہتری لائے گا۔
