اتوار, جون 8, 2025
ہومLatestنیو ڈویلپمنٹ بینک چین میں ماحولیاتی منصوبوں کے لئے 1.2 ارب یوآن...

نیو ڈویلپمنٹ بینک چین میں ماحولیاتی منصوبوں کے لئے 1.2 ارب یوآن قرضہ دے گا

شنگھائی(شِنہوا)برکس نیو ڈویلپمنٹ بینک (این ڈی بی) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چین میں ماحولیاتی منصوبوں کے لئے 1.2 ارب یوآن (تقریباً 16کروڑ 70لاکھ امریکی ڈالر) کے مشترکہ قرضے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

این ڈی بی کے مطابق یہ معاہدہ بینک آف چائنہ اور ہائی تونگ یونی ٹرسٹ انٹرنیشنل فنانشل لیزنگ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے جس کا مقصد چین کے ماحولیاتی اہداف اور موسمیاتی وعدوں کے مطابق ماحول دوست لیزنگ ذیلی منصوبوں کو معاونت فراہم کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت این ڈی بی 71کروڑ 33لاکھ 20 ہزار یوآن فراہم کرے گا جبکہ بینک آف چائنہ مزید 50کروڑ یوآن کا حصہ ڈالے گا۔ ہائی تونگ یونی ٹرسٹ ان فنڈز کو استعمال کرتے ہوئے آلودہ پانی کی صفائی، ٹھوس فضلے کے انتظام اور دھاتی فضلے سے خارج ہونے والی گیس کو بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کرنے جیسے منصوبوں کے لئے ساز و سامان خریدے گا اور اسے لیز پر دے گا۔

متوازن علاقائی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اہل ذیلی منصوبے چین کے پہلے درجے کے شہروں سے باہر واقع ہوں گے تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں سرمایہ کاری کی جا سکے۔

 این ڈی بی کے نائب صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ولادیمیر کازبیکوف نے کہا ہے کہ یہ اقدام موسمیاتی لچک اور ماحولیاتی تحفظ کی ضرورت کو پورا کرے گا اور چین کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

2015 میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کے ذریعے قائم کیا گیا این ڈی بی ایک کثیرجہتی ترقیاتی بینک ہے، جس کا مقصد برکس ممالک اور دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں اور ترقی پذیر ممالک میں بنیادی شہری سہولتوں اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کے لئے وسائل کو متحرک کرنا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!