اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی قیادت کے بیانات کو تشویشناک ذہنیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کر سکتا اور نہ ہی کرسکے گا،پاکستان تعمیری روابط کیلئے پرعزم مگر کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا مکمل دفاع کرے گا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت اور ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے بیانات سے واضح ہے کہ وہ امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوئی بھی کوشش حقیقت سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی دہشت گردی کی پشت پناہی اور پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ریکارڈ سے بخوبی آگاہ ہے، ان حقائق کو کھوکھلی کہانیوں یا توجہ ہٹانے کی کوششوں سے چھپایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع خطے میں امن و استحکام کیلئے بنیادی خطرہ بنا ہوا ہے،بنیادی مسئلے کو نظرانداز کرنا خطے کو بداعتمادی اور ممکنہ تصادم کی راہ پر ڈالنے کے مترادف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کی پیشرفت نے ایک بار پھر جنگی جنون اور جبر کی حکمت عملی کی ناکامی کو ثابت کر دیا ہے، بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی کرسکے گاترجمان نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے سنجیدگی، ضبط اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان امن اور تعمیری روابط کیلئے پرعزم ہے لیکن کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل دفاع کرے گا ۔