پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تمام سرکاری اسکولوں میں سو فیصد بچوں کو فرنیچر فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کے لئے جتنے بھی فنڈز درکار ہونگے وہ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے، تعلیم کے لئے سازگار ماحول بنیادی ضرورت ہے۔
اجلاس سے خطاب میںعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں کوئی بھی بچہ فرش پر نہیں بیٹھے گا، اگلے مالی سال کے دوران تمام سرکاری اسکولوں کے ہر بچے کو فرنیچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کو فرنیچر، واش رومز اور پینے کے پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ان بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تدریس کے معیار کو بھی بہتر بنانے کے لئے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے، اس مقصد کے لئے اساتذہ کی جدید ٹریننگ کا انتظام کیا جائے، نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لئے جدید ٹریننگ لازمی قرار دی جائے۔