لاہور: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، ہمیں کسی بھی طرح اس درد کا مداوا کرنا ہے، پاکستان اور بنگلادیش کو قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہوگا، مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدرِ مملکت نے کہا کہ بنگلادیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے اور اللہ تعالی نے پاکستان کی طرح بنگلادیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اپنی گفتگو کے دوران آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سیاست ہمارے لئے چھوڑ دیں، سیاست ہمیں کرنے دیں، ہم جیلوں میں جا سکتے ہیں، ہماری طرح کے لوگ 14 سال جیل کاٹ سکتے ہیں، آپ لوگ نہیں۔ صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے نیک تمناں اور کامیابی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نوجوان ہیں، یہ دور آپ کا ہے، ہم اپنا دور دیکھ چکے ہیں، میں آپ کے بہتر مستقبل کیلئے پرامید ہوں، صدر مملکت نے اپنی گفتگو کا اختتام بنگالی زبان میں خیرمقدمی کلمات سے کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے مہمان ٹیم کے آفیشلز کو پی سی بی کی جانب سے یادگاری تحائف بھی پیش کئے جبکہ چیئرمین پی سی بی نے صدر مملکت کو ان کے نام سے مزین قومی ٹیم کی 1 نمبر کی جرسی بھی پیش کی۔
صدر مملکت نے گورنر ہاس لاہور میں پاک بنگلا دیش کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، انہوں نے بھی اعلی معیار کا کھیل پیش کیا۔