برازیلیا (شِنہوا) برکس ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے ہیں جس میں نقل و حمل کی بنیادی سہولیات ، پائیدار نقل و حرکت اور ترسیل میں گہرے تعاون کا عہد کیا گیا ہے۔
یہ معاہدہ برازیلیا میں منعقدہ برکس ٹرانسپورٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں ہوا کیونکہ برازیل کے پاس اس بلاک کی موجودہ صدارت ہے۔
اعلامیہ میں کاربن کے خاتمے، پائیدار ایندھن اور ماڈل انضمام کے وعدے شامل ہیں جبکہ یکطرفہ پابندیوں کو مسترد کیا گیا ہے جو ضروری ٹیکنالوجیز تک رسائی میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
ایک اہم تجویز برکس ادارہ برائے پائیدار نقل و حمل، نقل و حرکت اور ترسیل کی تشکیل ہے تاکہ بہترین طریقوں اور موسمیاتی لچکدار بنیادی سہولت کی منصوبہ بندی کو فروغ دیا جاسکے۔
برازیل کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی قائم مقام وزیر ماریانا پیسکاٹوری کا کہنا ہے کہ یہ پہلا وزارتی اعلان ہے جس میں صرف نقل و حمل پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔ یہ ہمیں اسٹریٹجک مفادات کو ہم آہنگ کرنے اور پائیدار حل کے فروغ کی سہولت دیتا ہے۔
