اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میںانسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کیخلاف آپریشن ،ملکی امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کو ہونیوالی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ اور اس دوران اہم امریکی حکام، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں سے ہونیوالی ملاقاتوں بارے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم کو چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کی تیاریوں کے بارے میں بتایاجس پر شہباز شریف نے محسن نقوی سمیت بورڈ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے کام کی رفتار کو سراہا اور بروقت کام مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کیخلاف آپریشن اور ملکی امن وامان کی صورتحال سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔