بیجنگ کیپیٹل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک سروس سینٹر دیکھا جاسکتا ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ آمدہ موسم بہار تعطیلات کے دوران چین میں آنے اور جانے والے یومیہ اوسطاً 18 لاکھ 50 ہزارمسافر دورے متوقع ہیں۔
یہ تعداد گزشتہ برس موسم بہار کی تعطیلات کے مقابلے میں یومیہ سرحد پار مسافروں کی تعداد میں 9.5 فیصد اضافہ ہے۔
رواں سال موسم بہار تہوار 29 جنوری سے شروع ہوگا جو کہ نئے قمری سال کا پہلا دن بھی ہوگا ،اس کی 8 سرکاری تعطیلات 28 جنوری سے 4 فروری تک ہو ں گی۔ یہ چین کے اہم ترین تہوار، خاندان کے دوبارہ ملنے اور تقریبات کا ایک موقع ہے۔
تعطیلات کے ابتدائی 3 ایام کے دوران اہم ہوائی اڈوں پر جانے والے مسافروں کی تعداد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے جبکہ آنے والے مسافروں کی تعداد میں 3 سے 4 فروری تک عروج پر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو تعطیلات کے آخری 2 ایام ہیں۔
بڑے ہوائی اڈوں بشمول بیجنگ کییپیٹل، شنگھائی پودونگ اور گوانگ ژو بائیون ہوائی اڈوں کے ذریعےیومیہ بالترتیب 42 ہزار ، 95 ہزار اور 48 ہزار مسافروں کو نمٹانے کی پیشگوئی ہے۔
توقع ہے کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ خصوصی انتظامی علاقوں کی قریبی سرحدی چوکیوں پر مسافروں کی آمد نسبتاً مستحکم رہے گی اور 31 جنوری سے 2 فروری تک مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ متوقع ہے۔
صوبہ گوانگ ڈونگ میں ژوہائی اور مکاؤ کے درمیان زمینی سرحدی چوکی گونگ بائی کے مصروف ترین ہونے کی توقع کی جارہی ہے جس سے یومیہ آمدورفت اوسطاً 3 لاکھ 10 ہزار ہونے کی توقع ہے۔
اس اضافے سے نمٹنے کے لئے قومی امیگریشن انتظامیہ نے سرحد ی معائنہ اقدامات کو بہتر بنایا ہے تاکہ چینی شہریوں کے سرحد پار سفر میں انتظار کا وقت 30 منٹ سے زیادہ نہ ہونے کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس مقصد کے لئے اضافی عملہ دستیاب ہوگا جبکہ آسان اور مئوثر طریقہ کار یقینی بنانے کے لئے اضافی معائنہ لائن بھی قائم کی جائیں گی۔